مردان میں مبینہ پولیس فائرنگ سے مشکوک شخص ہلاک ہوگیا، واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشکوک سائیکل سوار پولیس کے روکنے پر نہ رکا بلکہ تیزی سے سائیکل بھگانے لگا، اس کے بعد بکتر بند گاڑی نے اسے ٹکر مار کر گرایا، تو وہ گرتے ہی بجائے سرینڈر کرنے کے اٹھ کر سرپٹ بھاگا۔
اس دوران مبینہ طور پر پیچھے سے آنے والی پولیس پارٹی نے اس پر فائر کردیا، جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
دوسری جانب مردان میں فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کے رشتے داروں اور اہلِ خانہ نے احتجاج کرتے ہوئے پولیس پر غیر ذمے داری کا الزام لگایا ہے اور کہا ہے کہ مقتول کپڑوں کا تاجر تھا۔
مذکورہ شخص پولیس کے روکنے پر رکا کیوں نہیں، اٹھ کر بھاگا کیوں؟ کسی کے پاس اس بات کا جواب نہیں ہے۔