• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، خیرپور، گھوٹکی، تینوںا ضلاع میں نیشنل ایکشن پلان پرموثر عملدرآمد کا فیصلہ

سکھر (بیورو رپورٹ) ڈی آئی جی سکھر رینج کیپٹن (ر) فیروز شاہ کی زیر صدارت سکھر میں پولیس کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کے پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کالعدم تنظیموں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے، نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرانے، ڈاکوؤں ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن تیز کرنے اور روپوش اشتہاری ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کرنے، تینوں اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس چیکنگ کے نظام کو موثر بنانے سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں ایس ایس پی سکھر امجدا حمد شیخ، ایس ایس پی خیرپور کیپٹن (ر) اظفر مہیسر، ایس ایس پی گھوٹکی مسعود بنگش سمیت ڈویژن بھر سے پولیس افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے پولیس افسران نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے ،کسی بھی ممکنہ دہشتگردی کے خطرے کے پیش نظر کئے جانے والے انتظامات ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد ، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن کے حوالے سے ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیروز شاہ کو بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے بتایا کہ ضلع بھر میں نیشنل ایکشن پلان پر سختی سے عملدرآمد کرایاجارہا ہے ، حالیہ چند دنوں میں پولیس نے 23غیر ملکی افغان باشندوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مختلف تھانوں میں فارین ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے ہیں،تمام مدارس، گیسٹ ہاؤس، ہوٹلز، مسافر خانوں اور دیگر ایسی جگہیں جہاں پر لوگ آکر ٹہرتے ہیں ان کے مکمل کوائف جمع کئے گئے ہیں اور انہیں پابند کیا گیا ہے کہ جو بھی شخص باہر سے آکر رہائش اختیار کرے اس کے مکمل کوائف پولیس کو فراہم کئے جائیں۔ پولیس نے باگڑجی کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کے خلاف متعدد کامیاب آپریشن کئے اس دوران تین ڈاکو مارے گئے۔ ایک ڈاکو پر حکومت سندھ کی جانب سے پانچ لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا جبکہ مارے جانے والے ڈاکوؤں میں وہ ڈاکو بھی شامل ہیں جو باگڑجی کے سابق ایس ایچ او سید سبحان علی شاہ کے قتل میں ملوث ہیں، باگڑجی کچے کے جنگلات میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن مزید تیز کیا گیا ہے اور شہر کے داخلی، خارجی راستوں پر پولیس مکمل طورپر الرٹ ہے، آنے جانے والی گاڑیوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، مشکوک گاڑیوں اور مشتبہ افراد کی چیکنگ کا عمل بھی یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی گھوٹکی اور ایس ایس پی خیرپور نے بھی اپنے اپنے اضلاع کے حوالے سے کارکردگی رپورٹ ڈی آئی جی سکھر کو پیش کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، کالعدم تنظیموں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے ، ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن تیز کرنے کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم کے واقعات کی روک تھام اور معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لئے بھی پولیس اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
تازہ ترین