مردان( نمائند ہ جنگ)سابق وفاقی وزیر نوابزادہ خواجہ محمد خان ہوتی مسلم لیگ میں رہنے یا دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے اگلے ہفتے اعلان کریں گے تاہم خواجہ ہوتی نے مردان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 9اور 11 سے الیکشن لڑنے کافیصلہ کرلیا۔ اس ضمن میں ہوتی ہاؤس میں ہم خیال گروپ اور عمائدین کا مشاورتی جلسہ منعقد ہواجس کی صدارت پاکستان تحریک انصاف کے سابق امیدوارقومی اسمبلی ناصر خان ایڈوکیٹ نے کی ۔جلسے سے نواب زادہ فاروق خان ہوتی ،حسین زادہ ،اورنگ زیب خان، ڈاکٹر سربلند، محمدے کا کا ، انورخان نے بھی خطاب کیا ۔اجلا س میں عمائدین سے تجاویز اور رائے طلب کرلی گئی ۔نوابزادہ خواجہ محمد خان ہوتی نے کہا کہ حلقہ کے عوام اور عمائدین کو اعتماد میں لے کر کسی بھی جماعت میں شمولیت اختیار کروں گا فی الحال کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار نہیں کی انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن میں رہوں گا یا دوسری جماعت میں شمولیت اختیار کروں گا ۔ایک ہفتے کے اندر فیصلہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ سیاست میں پیسے بٹورنے والے سیاستدان چاہےکسی بھی پارٹی کے ہو ںسب کابلاتفریق احتساب ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ2013کے انتخابات میں انہوں نے ذاتی حیثیت میں 35ہزارووٹ لئے تھےمسلم لیگ ن کا مردان میں پہلے کوئی وجود نہیں تھا اور نہ اب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائدین سی پیک اور دیگر وزارتوں میں ضلع مرادن کے نوجوانوں کو تین ہزار نوکریاں دیں۔ تو وہ پارٹی میں رہنے کے لئے تیار ہے ۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ قومی اسمبلی حلقہ این اے9اور11سے الیکشن لڑیں گےاور ایک ہفتے کے اندرا پنے سیاسی مستقبل کا اعلان کریں گے۔