پشاور(این این آئی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے میڈ ان مغرب لیڈرز ملک کے ساتھ مخلص نہیں ،ملکی خزانہ لوٹنے والوں کیخلاف عوامی ردالفسادشروع کریں گے۔ پنجاب اور سندھ میں جانوں کی قربانیاں دینے والے پشتون قوم کوتنگ کرنا چھوڑدیں۔ فاٹا کو پانچ سال میں نہیں فوری ضم کرکے ایف سی آرکوختم کیاجائے جبکہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی واپسی کا طریقہ کار تیز کیا جائے۔بنوں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو لیڈروں کے لباس میں ڈیلروں سے نجات دلائے گی۔انکا کہنا تھا کہ ملکی وسائل غلط ہاتھوں میں ہونے کی وجہ سے ضائع ہورہے ہیں۔سراج الحق نے کہا کرپشن کے خلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کی ہے اور جلد ہی سپریم کورٹ کا فیصلہ کرپشن کے خلاف آئے گا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غریب کا جینا محال ہیں۔ تمام مسائل کے خاتمے کے لیے اسلامی نظام چاہتے ہیں۔بعدازاں امیر جماعت اسلامی سراج الحق بنوں سے لاہور پی ایس ایل میچ دیکھنے کے لیے روانہ ہو گئے۔