• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نے کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہا میرے علم میں نہیں،فائنل اچھاہوا،سراج الحق

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ عمران نے کھلاڑیوں کو پھٹیچر کہا میرے علم میں نہیں، لیکن فائنل اچھا ہوا، ہر شہر میں کرکٹ اکیڈمیاں کھلنا چاہئیں، ٹرمپ کی پالیسیوں سے خود امریکی عوام پریشان ہیں اور یہ پالیسیاں امریکہ کو تنہا کر دیں گی۔ امریکی صدر کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی اور مسلمانوں کے خلاف تنگ نظری کا رویہ ختم کرنا ہوگا۔انتخابات سے پہلے بھی وہ مسلمانوں کے خلاف ریمارکس دیتے رہے ہیں۔حلف کے بعد سے ٹرمپ مسلمانوں کے خلاف ایسے معاندانہ اقدامات کر رہے ہیں جنہیں اس کے اپنے لوگ بھی ناپسند کر رہے ہیں ،ساری انسانیت اللہ کا کنبہ ہے اور انسانیت کا احترام سب پر واجب ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ کے اجلاس میں شرکت کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔    سینٹر سراج الحق نے کہا کہ میڈیا آج دنیا بھر میں ہونے والے واقعات رپورٹ کررہا ہے ،امریکی صدر کا مسلمانوں کے بارے میں تضحیک آمیز رویہ کسی سے چھپا ہوا نہیں ،مذہب اور رنگ و نسل کی بنا پر کسی سے نفرت کی اجازت دنیا کا کوئی قانون بھی نہیں دیتا ۔ٹرمپ اب امریکہ جیسے بڑے ملک کے صدر ہیں اس لئے انہیں اپنی پالیسیوں اور رویے  کو بدلنا ہوگا۔ عمران خان کی طرف سے پی ایس ایل کے فائنل میں کھیلنے والے کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دینے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں امیرجماعت اسلامی سینٹر سراج الحق نے کہا کہ میں نے تو وہ بات نہیں سنی البتہ میں خود فائنل دیکھنے گیا تھا ،بہت اچھا میچ ہوا۔
تازہ ترین