مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ مراد سعید کی تربیت خراب ہوئی ہے اسی لیے انہوں نے میری عمر کا خیال بھی نہ کیا، ان کی یہ حرکت پاگل پن ہے ۔
پی ٹی آئی اور ن لیگ کے اراکین کے درمیان قومی اسمبلی کے اندر گرما گرمی ہوئی، توتو میں میں اورتلخ کلامی کے بعد ایوان کے باہر نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی، پی ٹی آئی کے مراد سعید نےن لیگ کے جاوید لطیف کو مکادے مارا۔
جھگڑے کے بعد دونوں طرف سے بیان بازی کا سلسلہ بھی خوب چلا،اس جھگڑے کے حوالے سے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے مراد سعید کی تربیت پر سوال اٹھایا۔
میاں جاوید لطیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب دوسرے کی قیادت پہ تنقید کرو تو سننے کا بھی حوصلہ ہونا چاہیے۔
اس حوالے سے ہاتھا پائی کے دوسرے فریق اور پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید کہتے ہیں کہ مسئلہ یہ نہیں کہ مکا کس نے مارا، جب لڑائی ہوتی ہے تو سب کچھ ہو جاتا ہے۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر اور سینیٹر سراج الحق نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ارکان پارلیمنٹ لڑیں گے تو کارکنوں کو کیا پیغام جائے گا۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نفیسہ شاہ کہتی ہیں کہ اس حوالے سے ڈسپلنری ایکشن ہونا چاہیے۔