سکھر(بیورو رپورٹ) سکھر شہر کے مختلف علاقوں میں کھلے ہوئے مین ہولز عوام کے لئے خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں، آئے دن کھلے ہوئے مین ہولز کے باعث حادثات کا شکار ہو کر لوگوں کے زخمی ہونے کے واقعات عام ہوچکے ہیں، لیکن محکمہ نساسک کو ان کھلے مین ہولز کی کوئی فکر نہیں ہے، شہر میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال ، سیوریج کے پانی کی مختلف علاقوں میں موجودگی، پینے کے پانی کے بحران کے ساتھ ساتھ شہریوں کا سب سے بڑا مسئلہ کھلے ہوئے مین ہولز ہیں، شہر کے مختلف علاقوں میں مین ہول کھلے پڑے ہیں اور ان پر ڈھکن نہ ہونے کے باعث آئے دن حادثات رونما ہوتے ہیں۔شہری حلقوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر محکمہ نساسک کے افسران کے خلاف کارروائی کی جائےاور شہر کے تمام علاقوں میں کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگانے کا کام مکمل کیا جائے ۔