راولپنڈی کے نواحی علاقے کلر کہار کی پولیس چوکی کے انچار ج نے مبینہ خود کشی کر لی۔ پولیس اہلکار کی جیب سے ملنے والی تحریر میں کہا گیا ہے کہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی ۔
کلرکہار پولیس چوکی پر تعینات اے ایس آئی 50 سالہ ساجد محمود نے مبینہ طور پر سرکاری گن سے خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی ۔
اہلکار کی جیب سے ہاتھ سے لکھی ہوئی ایک مبینہ تحریر بھی برآمد ہوئی ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ تین ماہ سے تنخواہ نہیں ملی، ایک ماہ سے سو نہیں سکا، خود کشی کررہا ہوں مرنے کے بعد گھر والوں کو تنگ نہ کیا جائے۔
پولیس اہلکار ساجد محمد شادی شدہ ، دو بچوں کا باپ اور گوجر خان کا رہائشی تھا۔
لاش پوسٹ مارٹم کے لئے ٹی ایچ کیو اسپتال کلر کہار منتقل کر دی گئی ۔