• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مراد سعید کی بہنوں سے متعلق نازیبا گفتگو، جاوید لطیف نے معذرت کرلی

اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف نے نازیباالفاظ کہنے پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید سے باضابطہ معافی مانگ لی ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جاوید لطیف کا کہناتھا کہ مراد سعید نے وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے جس پر انہیں غصہ آگیا ۔ اس دوران وہ ان کی زبان سے نازیبا الفاظ نکل گئے جس پر انہیں شرمندگی ہے اور مراد سعید سے معافی مانگتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز پیش آنے والا واقعہ انتہائی افسوسناک تھا یہ نہیں ہونا چاہیے تھا میرے لیے تمام اسمبلی ممبران قابل احترام ہیں ۔ اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس سے معافی مانگتا ہوں ۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہواتھا اور دونوں کے درمیان نوبت مکوں تک پہنچ گئی تھی اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی طرف سے مراد سعید کے بارے میں نازیبا الفاظ کہے گئے تھے جس پر جاوید لطیف کو پی ٹی آئی سمیت دوسری سیاسی جماعتوں کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا جارہا تھا جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جاوید لطیف کے سوشل بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا تھا۔
تازہ ترین