اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) انسداد دہشتگردی کے جج سہیل اکرام نے ججز نظربندی کیس کے ملزم سابق صدر پرویز مشرف کی سکیورٹی سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ملزم پرویزمشرف کے پاکستان آنے پر سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا جائے گا۔ منگل کو ججز نظربندی کیس کی سماعت کے دوران پرویزمشرف کے وکیل نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں درخواست جمع کرائی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں ہے لہذا وزارت دفاع سکیورٹی فراہم کرے، اس موقع پر پراسیکیوٹر عامر ندیم نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ پہلے ہی پرویز مشرف کو سکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرا چکی ہے جس پر پرویز مشرف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ پر اعتماد نہیں ہے وہ اپنی سکیورٹی نہیں کرسکتے، وزارت دفاع پرویز مشرف کو سکیورٹی فراہم کرے، اس موقع پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پرویز مشرف پاکستان آئیں پھر سیکورٹی کا حکم دےدیا جائے گا۔