سیالکوٹ (نمائندہ جنگ)مردم شماری اور امتحانی ڈیوٹیوں کے باعث سرکاری سکولوں میں داخلہ مہم شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔ ان خیالات کا اظہارپنجاب ٹیچرز یونین کے ضلعی صدر محمد اصغر اکاہلوں، سید دستار علی نقوی، چوہدری بشیر احمد، احسان اللہ باجوہ،حافظ رانا لیاقت ، ناصر لطیف گجر، لیاقت علی کھوکھر اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنماؤں نے مز ید کہا کہ بہترین سکولوں کو دانش اتھارٹی کے حوالہ کرکے موجودہ حکومت تعلیم دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے۔اس عمل سے تعلیم عام آدمی کی پہنچ سے باہرہوجائے گی ۔انہوں نے کہا کہ دیگر صوبوں میں اساتذہ بہتر سکیل لے رہے ہیں جبکہ پنجاب میں تعلیمی قابلیت بہتر ہونے کے باوجود اساتذہ کم تر سکیل حاصل کررہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پی ایس ٹی اساتذہ کو سکیل14،ای ایس ٹی کو سکیل 16اور ایس ایس ٹی اساتذہ کو سکیل 17دینے کا نوٹی فکیشن فوری جاری کیا جائے۔