سکھر میں ریاضی کے پرچے نے دو اور دو پانچ کر دیا، ساتویں جماعت کے ہزاروں طالب علموں کو آٹھویں کا پرچا تھما دیا گیا۔
سندھ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا پول کھل گیا،ساتویں اور آٹھویں جماعت کیلئےایک ہی ریاضی کاپرچہ چھاپ دیا گیا، طلبا سوال نامہ ملنے پرحیران پریشان ہوگئے،گزشتہ روز بھی چوتھی جماعت کا سندھی کا غلطی شدہ پرچہ طلبا کو دے دیا گیا تھا۔
سکھر ریجن کے سرکاری میڈل اور پرائمری اسکولوں میں سالانہ امتحانات جاری ہیں، سندھ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے امتحانات کیلئے بنائے گئے پرچوں میں سنگین غلطیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
آج ہونے والے ساتویں اور آٹھویں جماعت کو ریاضی کا ایک ہی پرچہ دیا گیا، ساتویں جماعت کے طلبہ کو آٹھویں جماعت کے سوالات حل کرنے کو ملے تو حیران کم اور پریشان زیادہ ہوئے۔
غلطی کا علم ہونے پر اساتذہ کی جانب سے طلبہ کو بلیک بورڈ پر سوالات لکھ کر جوابات دینے کا کہا گیا جبکہ گزشتہ روز بھی چوتھی جماعت کا سندھی کا غلطی شدہ پرچہ طلبا کو دیاگیا تھا جس میں میں کل پانچ سوالات دئیے گئے تھے۔
پرچے میں نوٹ دیا گیا کہ پرچے کا سوال نمبر 7کا جواب دینا لازمی ہے جبکہ اسی پرچے کے سوال نمبر 3 کے چوتھے حصے کے سوال میں بھی الفاظ کی غلطی کی گئی ہے۔
اساتذہ اور عملے کی جانب سے بچوں کو بتادیا گیا کہ پیپر چیک کیا جائے گا لیکن فیل کوئی نہیں ہو گا۔