• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایچ ایف کی ناقص حکمت عملی، قومی ٹیم اذلان شاہ کپ سے باہر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان ایک اور انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں شرکت سے محروم ہوگیا، پی ایچ ایف کے موجودہ حکام اپنی نشستوں کو بچانے کے لئے مسلسل عالمی اور ایشیائی مقابلوں سے قومی ٹیم کو دستبردار کرانے میں کامیابی کے ساتھ اپنی پالیسی آگے بڑھا رہے ہیں، پاکستان جونیئر ورلڈ کپ، چیمپئنز ٹرافی کے بعد اب اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بھی حصہ نہیں لے گا۔ میزبان ملائیشیا ہاکی کے حکام چند سال قبل قومی ہاکی ٹیم کی اس ایونٹ میں عدم شرکت پر نالاں تھے، اب وہ پوری طرح بھارت کے قابو میں ہیں اور انہوں نے بھارت کے اشارے پر پاکستان کو اذلان شاہ ہاکی ٹور نامنٹ سے باہر کر کرکے برطانیہ کو شامل کرلیا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایشین ہاکی فیڈریشن کو خط لکھا ہے ، جس میں اس سے درخواست کی ہے کی وہ پاکستان ٹیم کو اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں شامل کروانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ گزشتہ سال ٹورنامنٹ میں پاکستان کی سات ٹیموں میں پانچویں پوزیشن تھی۔ رواں سال ہونے والے ٹورنامنٹ کاشیڈول جاری کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ 27 اپریل سے ایپوہ میں شروع ہوگا۔ فائنل 6مئی کو ہوگا۔ منتظمین کے مطابق ایونٹ میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، برطانیہ، جاپان، بھارت اور میزبان ملائشیا کی ٹیمیں شامل ہیں۔
تازہ ترین