اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری اور ریونیو سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لینےکیلئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے اجلاس کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں سے متعلق پیش رفت سے آگا ہ کیا ، انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کی ہدایات کی روشنی میں کاروباری برادری ، تاجروں ، چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، معاشی ماہرین اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بجٹ سے متعلق تجاویز پر مشاورت شروع کر دی ہے ،ہارون اختر خان نے کہا کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے ریونیو کے ہدف کے حصول کے لیے ہرممکن کوشش کر رہا ہے ،وزیر خزانہ نےایف بی آر کو ہدایت کی کہ رواں مالی سال کا ریونیو ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں ، انہوں نے ایف بی آر حکام سے کہا کہ بجٹ کی تیاری کے عمل میں تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی شمولیت کو یقینی بنایاجائے، وزیرخزانہ نے ٹیکس چوری کو روکنے اور ٹیکس کلچر کو پروان چڑھانے کے لیے موثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ دریں اثنا قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے ملک کی کاروباری برادری اور دیگرسٹیک ہولڈرز کی بجٹ تجاویز کو زیر غور لا کر رپورٹ تیار کرنے کے لیے چار رکنی ذیلی کمیٹی قائم کر دی ہے جو 30روز میں بجٹ تجاویز پر مبنی رپورٹ قائمہ کمیٹی میں جمع کرائے گی جسے وزیر خزانہ کو بھیجا جائے گا ، کمیٹی نے کمرشل درآمد کنندگا ن کے لیے خام مال پر انکم ٹیکس چار فیصد جبکہ تیار مصنوعات کی درآمد پر ساڑھے چھ فیصد کرنے اور صنعتی درآمد کنندگان کے لیے خام مال پر ٹیکس دو فیصد کرنے کی سفارش کی ہے،قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی قیصر احمد شیخ کی زیر صدارت ہوا جس میں بڑے شہروں کی فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدور اور ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرزاور دیگر ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں نے بجٹ تجاویز پیش کیں ،چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹرمحمد ارشاد نے کمیٹی کو بتایا کہ ایف بی آر نے رواں مالی سال کے 3621ارب روپے کے ہدف میں سے 2046ارب روپے کا ریونیو ہدف حاصل کر لیا ہے۔ کمیٹی رکن اسد عمر نے کہا کہ ایف بی آر ایک انتہائی کرپٹ ادارہ ہے اور ٹیکس کے مسائل کی اصل وجہ ہی یہ ہے ،انہیں چاہئے کہ یہ ٹیکس ریفارمز کمیشن کی تجاویز پر عمل کریں۔ چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر ارشاد نے ایف بی آر پر کرپشن کے الزامات کو مسترد کر دیا اور کہا کہ پورے ادارے کو کرپٹ کہنے پر دکھ ہوا۔ ہم ایف بی آر میں بہت سی اصلاحات لارہے ہیں، ٹیکس کے حوالے سے پارلیمنٹ جوسفارشات منظور کرے گی اس پر عمل کیا جائےگا ، چیئرمین کمیٹی قیصر احمد شیخ نے ایف بی آر کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا کہ ڈاکٹر ارشاد کی سربراہی میں ایف بی آر احسن انداز سے کام کر رہا ہے ۔ رکن کمیٹی رشید گوڈیل نے اجلاس کے دوران وزیر خزانہ ، سیکرٹری خزانہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی عدم شرکت کا معاملہ بھی اٹھا یا ۔