• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت صحافیوں کے مالی معاملات اورتحفظ کیلئے اقدامات کریگی،مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نےکہا ہےکہ حکومت صحافیوں کے مالی معاملات سمیت ان کے تحفظ کے لئے قانونی اقدامات کرے گی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے مجھے وزیر بنانے سے پہلے صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کی خصوصی ہدایت کی تھی۔ وہ جمعہ کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر پرویز شوکت کی قیادت میں پی ایف یو جے اور آر آئی یو جے کے وفد سے ملاقات کے دوران ان کے مطالبات پر اظہار خیال کر رہی تھی۔ وفد میں پی ایف یو جے سیکرٹری جنرل راجہ ریاض پی ایف یو جے کے مرکزی رہنما طاہر راٹھور ، مرکزی نائب صدر شمیم شاہد ،خزانچی ضیاءالحق ،پی ایف یو جے کے نائب صدر( پنجاب )بخت گیر چوہدری ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل مظہر طفیل کے علاوہ سوات پریس کلب کے صدر شہزاد عالم ، سوات یونین آف جرنلسٹس کے صدر حضرت بلال ، راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آرآئی یو جے) کے صد ر فرحت عباس ترابی ، جنرل سیکرٹری سحر اسلم ، سینئر نائب صدر خالد محمو د بھٹی، نائب صدر میاں محمد سمی، سینئر جوائنٹ سیکرٹری فیصل اعوان ، خزانچی الماس حیدر کے علاوہ پی ایف یو جے اور آرآئی یو جے کے دیگر عہدیدار شامل تھے۔ صدرپی ایف یو جے پرویز شوکت نے وفاقی وزیر کو اخباری اور الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے مسائل پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کے طویل عرصہ سے زیر التوا آٹھویں ویج ایوارڈ کا فوری اعلان کیا جائے۔ میڈیا کے اداروں میں چھ چھ ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مسئلہ حل کیا جائے۔ تنخواہوں کی ادائیگی کو اشتہارات کی ادائیگیوں سے مشروط کیا جائے۔ ہائوسنگ فائونڈیشن میں صحافیوں کے لئے شفاف طریقہ سے الاٹ منٹ کی جائے اور کوٹہ ایک فیصد سے دو فیصد کیا جائے، صحافیوں کو تحفظ دیا جائے۔ ایمپلی منٹیشن ٹریبونل کو زیادہ اختیارات دیئے جائے اور الیکٹرانک میڈیا کو بھی اس میں شامل کیا جائے۔ ان مطالبا ت پر وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اونگزیب نے کہا کے آٹھوین ویج ایوار ڈکی تشکیل کا جلد جائزہ لیا جائے گا مالکان میڈیا سے بات کر کے تنخواہوں کا مسئلہ حل کروایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کے پلاٹوں کی الاٹ منٹ بلا تفریق کی جائے گی اور اس معاملے کو شفاف بنایا جائےگا۔ پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل راجہ ریاض نے پی ایف یو جے کی طرف سے تحریری طور پر صحافیوں کے تحفظ بل کے لئے جوشفارشات پیش کیں، ان سفارشات کو بل کا حصہ بنایا جائے گا۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف میڈیا سے وابستہ ملازمین کیلئے اہم اقدامات کرنا چاہتے ہیں جن کا وہ خود اعلان کریں گے۔ وزیر اعظم تنخواہوں اور ویج بورڈ کے معاملے سے پوری طرح آگاہ ہیں اور صحافیوں اور میڈیا کے اداروں کے تحفظ کے لئے بھی ٹھوس اقداما ت کرنا چاہتے ہیں۔ موجودہ حکومت پسے ہوئے طبقات کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی خواہاں ہے۔ وزیر اطلاعات نے پشاور پریس کلب اور سوات پریس کلب میں اپنے اعزاز میں  ہونے والی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ 
تازہ ترین