اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وزیر مملکت اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے رکن اسمبلی شازیہ مری کے سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو مجموعی طور پر 10ارب 92کروڑ روپے کے اشتہارات دیئے گئے ہیںجس میں پرنٹ میڈیا کو 7ارب 43کروڑ 32لاکھ 40ہزار جبکہ الیکٹرانک میڈیا کو 3ارب 48کروڑ 37لاکھ 11ہزار روپے سے زائد کے اشتہارات دیئے گئے جبکہ گزشتہ تین سالوں کے دوران عوامی آگاہی کے لئے حکومت کی جانب سے چار ارب 60کروڑ 76لاکھ 17روپے سے زائد کے اشتہارات دیئے گئے۔ رکن محمد جمال الدین کے سوال کے جواب میں وزیرمملکت نے کہا کہ سنسر کی گئی بھارتی فلموں کی سینما گھروں میں عوامی نمائش پر کوئی سرکاری پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیمرا نے 19 اکتوبر 2016ء کے اجلاس میں بھارتی ڈرامہ اور بھارتی چینلز کو نشریاتی میڈیا بشمول سیٹلائٹ ٹی وی چینلز پر مکمل پابندی لگانے کا فیصلہ کیا۔ ایک اور سوال کے جواب میںبتایا کہ اس وقت پاکستان ٹیلی ویژن ملک میں دیکھا جانے والا سب سے بڑا چینل ہے۔ آئندہ ہفتے مستقل ایم ڈی پی ٹی وی کی تعینات کے لئے اشتہار جاری کردیا جائے گا ایم ڈی پی ٹی وی کی تعیناتی میرٹ پر کی جائے گی،عائشہ سید کے سوال کے جواب میں بتایا کہ قومی مفاد کے حامل معاملات کے تحفظ کیلئے پیمرا قوانین کا نفاذ ریاست کی ذمہ داری ہے جو متعلقہ ادارے پیمرا کو سونپی گئی ہے۔