کراچی(ٹی وی رپورٹ)اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات سچ ثابت ہوگئے تو سیاست چھوڑ دوں گا، میرا بنی گالا میں کوئی گھر نہیں ہے، 2008ء میں پانچ کنال زمین خریدی تھی جو اثاثوں کے گوشواروں اور انکم ٹیکس میں ظاہر کی جاچکی ہے، اس سال ساڑھے گیارہ لاکھ روپے ٹیکس ادا کیا ہے۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان طلعت حسین کے ساتھ“ میں میزبان طلعت حسین سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید عباسی،پی ٹی آئی کے رہنما اعظم خان سواتی اور پیپلز پارٹی کی رہنما روبینہ خالدبھی شریک تھیں جبکہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے نتائج کالعدم قرار دیئے جانے سے متاثر ہونے والے امیدواروں سے بھی گفتگو کی گئی۔ اعظم سواتی نے کہا کہ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر قابل احترام ہیں، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کرپٹ ترین آدمی ہے۔ جاوید عباسی نے کہا کہ عمران خان دوسروں پر کرپشن کے الزامات لگانے سے پہلے اپنا گھر دیکھیں۔ روبینہ خالد نے کہا کہ اسد قیصر پر کرپشن کے الزامات سے پی ٹی آئی کیلئے مکافات عمل کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، تحریک انصاف تو لوگوں کو کرپٹ قرار دے کر خود ہی فیصلہ سنا دیتی ہے، اسد قیصر خوش قسمت ہیں کہ انہیں اپنی صفائی کیلئے موقع مل رہا ہے۔ سندھ پبلک سروس کمیشن کے متاثرہ امیدواروں نے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے نتائج کالعدم قرار دینے کا فیصلہ محض الزامات کی بنیاد پر ہے، چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار ہماری نظرثانی کی درخواست کو خود سنیں، انتظامیہ کی غلطی کی سزا امیدواروں کو نہیں دی جانی چاہئے۔ اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزا ما ت سچ ثابت ہوگئے تو سیاست چھوڑ دوں گا، میرا بنی گالا میں کوئی گھر نہیں ہے، میرا بھائی بھی وہاں کرائے کے گھر میں رہتا ہے، میں نے 2008ء میں پانچ کنال زمین خریدی تھی جو الیکشن کمیشن میں جمع اثاثوں کے گوشواروں اور انکم ٹیکس میں ظاہر کی جاچکی ہے، گائوں کا گھر اپنے والد کی زمین پر بنایا جہاں 2011ء میں منتقل ہوا تھا، میں نے اس سال ساڑھے گیارہ لاکھ روپے ٹیکس ادا کیا ہے، میں نے آج تک اپنی تنخواہ کا ایک روپیہ نہیں لیا، میری تمام تنخواہ شوکت خانم اسپتال کو جاتی ہے، میڈیا اپنی ریٹنگ کیلئے ایسی خبریں چلاتا ہے جس کا حقیقت سے تعلق نہیں ہوتا ہے، کل سلیم صافی کے ساتھ جرگہ میں دستاویزات کے ساتھ آؤں گا۔اعظم سواتی نے کہا کہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر قابل احترام ہیں، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کرپٹ ترین آدمی ہے، چیئرمین نیب کو میں نے اربوں روپے کی جائیداد سے متعلق ثبوت دیئے لیکن اس نے ایکشن نہیں لیا، پی ٹی آئی کے ہر رکن کو خود کو احتساب کیلئے پیش کرنا چاہئے،میرے بھائی کے خلاف نیب کی کسی تحقیقات کا مجھے علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے قومی اداروں کو تباہ کیا، اگر ان کے لیڈر رول ماڈل ہیں تو پاکستان کا اللہ حافظ ہے، ایک ڈسٹرکٹ جج کے پاس روزانہ 150کیسز ہوتے ہیں، لوگوں کو بیس بیس سال تک انصاف نہیں ملتا تو کیا عدالتیں ہیں۔ جاوید عباسی نے کہا کہ اسد قیصر کیخلاف کرپشن کا الزام بڑی سنجیدہ بات ہے، اگر اسد قیصر کو بدنام کرنے کیلئے خبر چلائی گئی ہے تو ذمہ داروں کیخلاف بھی سخت ایکشن ہونا چاہئے، پی ٹی آئی ماضی میں اپنے ایک وزیر کو کرپشن کے الزام میں گرفتار کراچکی ہے ، عمران خان کو دیگر لوگوں پر کرپشن کے الزامات لگانے سے پہلے اپنا گھر دیکھنا چاہئے تھا۔سندھ پبلک سروس کمیشن کے نتائج کالعدم قرار دینے سے متاثرہ امیدواروں آصف گمبرنے کہا کہ سندھ پبلک سروس کمیشن کے امتحانات کئی شہروں میں ہوئے، اگر کسی سینٹر میں موبائل فون استعمال ہوا ہے تو اس میں امیدواروں کا قصور نہیں ہے، سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس سندھ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین اور ارکان کیخلاف لیا تھا، ہمارے خواب میں بھی نہیں تھا کہ نتائج کالعدم قرار دیدیئے جائیں گے، اسی کمیشن نے ہزاروں دیگر بھرتیاں بھی کی ہیں۔