راولپنڈی (جنگ نیوز) راولپنڈی میڈیکل کالج مسلسل تیسرے برس بھی بین الاقوامی میڈیکل کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے۔ اس کانفرنس سے قبل 70سے زائد ورکشاپس ہوئیں جن میں قومی و بین الاقوامی ماہرین نے اپنے تجربات سے میڈیکل سٹوڈنٹس ‘ ہائوس آفیسرز‘ پوسٹ گریجویٹ ٹرینرز اور نوجوان کنسلٹنٹس نے استفادہ کیا۔ یہ ماہرین امریکہ‘ برطانیہ‘ سعودی عرب‘ آسٹریلیا‘ نیوزی لینڈ‘ متحدہ عرب امارات‘ ملائیشیاء اور کینیڈا سے کانفرنس میں شرکت کیلئے آئے تھے۔ پرنسپل راولپنڈی میڈیکل کالج و الائیڈ ہاسپٹلز پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر نے بتایا کہ انکے پرنسپل بننے کے بعد یہ کانفرنس ہر سال منعقد کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میڈیکل کالج کے ایلومینائی جو مختلف ممالک میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں وہ خصوصی طور پر اس کانفرنس میں شرکت کیلئے آتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ مقابلوں اور پوسٹر پیپرز میں پوزیشن حاصل کرنیوالے طلباء و ڈاکٹرز کو خصوصی انعامات دیئے جائینگے۔