• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشرافیہ عوام کیلئے بہترین سفری سہولتوں پرمروڑ اٹھتے ہیں ، شہباز شریف

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب  شہباز شریف نے  ماڈل ٹاؤن میں لاہور میٹروفیڈربس سروس کا افتتاح کردیا ہے ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے فیڈر بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ فیڈر بس سروس کے تحت200ایئرکنڈیشنز بسیں 14 فیڈر روٹس پر صبح6بجے سے رات 11بجے تک رواں دواں ہوں گی،یہ بسیں میٹروکے پورے روٹ پر130کلو میٹر تک کا علاقہ کورکریں گی ،اورروزانہ1لاکھ20ہزار مسافراس سروس سے مستفید ہوں گے۔اشرافیہ  کوعام آدمی کو بہترین  سفری سہولتوں پرمروڑ اٹھتے ہیں، فیڈر بس سر وس ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو میٹروبس سروس تک لانے اورلیجانے کے حوالے سے انتہائی سودمندثابت ہوگی اوراس جدید فیڈر بس سروس کا شہریوں کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی،اسلام آباداورملتان میٹروبس سروس کے روٹس پر بھی فیڈر بس سروس چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میٹروبس سروس عوام کو دن رات شاندار ،محفوظ،تیزرفتار اورباکفایت سفری سہولیات فراہم کررہی ہے،فیڈر بس سروس اس میں ایک اورشاندار اضافہ ہے ۔فیڈر بس سروس پر سفر کرنے کے خواہاں مسافروں سے ایک طرفہ کرایہ 15روپے جبکہ فیڈر بس سروس کے بعد میٹروبس سروس پر سفر کرنے والے مسافروں سے 20روپے کرایہ وصول کیا جائے گا۔اس طرح میٹرواورفیڈر بس سروس کا کرایہ جڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کو بہترین سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے اربوں روپے کی سبسڈی سے اشرافیہ کے دل میں یہ سوال کانٹے کی طرح چھبے گااورانہیں تکلیف ہوگی کہ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں پراربوں روپے کی سبسڈی کیوں دی جارہی ہے ۔ بڑی گاڑیوں پر اشرافیہ سفر کرے تو وہ ان کا حق ہے اوراگر غریب آدمی کی بات کی جائے تو ان کے دل پر نشتر چلتے ہیں۔ وسائل قوم کی امانت ہیں اورپنجاب حکومت یہ وسائل ایمانداری سے عوام کو تعلیم،صحت اورٹرانسپورٹ کی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ کررہی ہے۔
تازہ ترین