اسلام آبا د(نمائندہ خصوصی) قومی احتساب بیورو نیب کے ایگزیکٹو بورڈ نے 53ارب روپے کے اراضی اسکینڈل میں مبینہ ملزم سابق سیکرٹری محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ شاہ زار شمون ، نیشنل بنک بنگلہ دیش برانچ میں خورد برد پر سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان سید علی رضا، غیر قانونی بھرتیوں میں ملوث سابق آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی اور پرنسپل انجینئر پیس اسلام آباد جاوید رضا بھٹہ کے خلاف بد عنوانی ریفرنس جبکہ سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ میں ملوث سابق رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد رفیق کھر کے خلاف انویسٹی گیشن اور اراضی سکینڈ ل میں ملوث رکن صوبائی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا کے خلاف انکوائری جبکہ اختیارات سے تجاوز ، غیر قانونی بھرتیوں اور ناجائزذرائع سے اثاثے بنانے کے الزام پرسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصرکے خلاف شکایت کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں منعقد ہو ا ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق سیکرٹری محکمہ لینڈ یوٹیلائزیشن حکومت سندھ شاہ زار شمون اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ کیا ۔ملزمان پر 530ایکڑ سرکاری زمین غیر قانونی طریقے سے کرنے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات ہیں جس سے قومی خزانے کو 53ارب روپے کا نقصان پہنچا ۔ اجلاس میں سابق صدر نیشنل بینک آف پاکستان سید علی رضا اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کاریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور نیشنل بینک بنگلہ دیش برانچ میں غیر قانونی طریقے سے مالی فوائد فراہم کرنے کاالزام ہے جس سے قومی خزانے کو 185ملین ڈالر کا نقصا ن پہنچا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سابق آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی و دیگر کے خلاف بد عنوانی کے ریفرنس دائرکرنے کا فیصلہ کیا ۔جبکہ پرنسپل انجینئر پیس اسلام آباد جاوید رضا بھٹہ کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائرکرنے کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے سی ڈ ی اے افسران اور دیگر کے خلاف صفہ مال کے معاملے پر انویسٹی گیشن کرنے کا بھی فیصلہ کیا ۔ اس موقع پر العباس انٹرنیشنل ایجوکیشن کنسلٹنٹس نذر عباس اور دیگرکے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی گئی ۔ اس مقدمہ میں آسٹریلوی ہائی کمیشن نے پاکستان میں قائم تعلیمی کنسلٹنسی فرم العباس انٹرنیشنل کے خلاف باضابطہ شکایت کی تھی ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے یونیورسٹی آف پنجاب کی انتظامیہ کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ ملزمان پر اختیارات کا ناجائز استعمال اور خلاف قواعد غیر قانونی بھرتیوں کا الزام ہے۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہاکہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے اپنے قومی فرض کو ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے ۔