کراچی (اسٹاف رپورٹر)انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے ایک اور مقدمہ میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور فاروق ستار سمیت 20 رہنمائوں کےناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرد یئے۔ استغاثہ کے مطابق عدالت میں شاہ لطیف ٹائون تھانے میں الطاف حسین اور دیگر کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کی جانب سےپیر کو ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ کچھ ملزمان ملک سے باہر ہیں اور کچھ دیئے گئے پتہ پر موجود نہیں ہیں۔لہٰذا مہلت دی جائے۔عدالت نےپولیس کو مہلت دیتے ہوئے ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین ،سلمان بلوچ، نامزد میئر وسیم اختر،خالد مقبول صدیقی ،قمر منصور ،سینیٹر سیف یار خان،خواجہ اظہار الحسن اور دیگر20 رہنمائوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔