• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما لیکس کیس میں اعلیٰ عدلیہ عوام کو مایوس نہیں کرے گی، پرویز الٰہی

 چیچہ وطنی(نامہ نگار)مسلم لیگ ق کے صدر،سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں اعلیٰ عدلیہ عوام کو مایوس نہیں کرے گی،وزیر اعظم نواز شریف کہیں نظر نہیں آتے، ق لیگ چھوڑ کرجانیوالے  جلد ڈبل ا سپیڈ سے واپس آئینگے، ہمارے کامیاب ترین منصوبے محدود وسائل میں عوام کودن رات ریلیف پہنچا رہے ہیں،جبکہ ریسکیو1122 ، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس، کارڈیالوجی ہسپتالوں اور دیگر منصوبوں کانام نہاد خادم اعلیٰ نے فنڈز میں کمی کر کے بیڑہ غرق کر دیا ہے۔ اللہ نے دوبارہ موقع دیا تو ملک کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنا کر ہی دم لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان جاتے ہوئے مقامی ریسٹورنٹ میں مسلم لیگ ق چیچہ وطنی کے لائرز ونگ کے صدر سلمان اختر علوی  ، نائب صدر چوہدری عرفان الحق کی دعوت پر  پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سابق وزیر قانونی پنجاب راجہ بشارت، صدر بار چیچہ وطنی چوہدری آصف رفیق ایڈووکیٹ،سابق صدر ناصر محمود چوہدری،ملک راشد ایڈووکیٹ،رائو محمد خالد ایڈووکیٹ، رانا کامران لیاقت ایڈووکیٹ سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ پرویز الہی  نے کہا کہ اگلے ہفتے پاناما لیکس کا فیصلہ متوقع ہے جس میں اعلیٰ عدلیہ عوام کو مایوس نہیں کرے گی ، وزیر اعظم نواز شریف کہیں نظر نہیں آتے۔ ق لیگ کو چھوڑ کرجانے والے بہت جلد ڈبل سپیڈ سے واپس آئیں گے۔ پنجاب میں گورنر ہے لیکن گڈ گورنس کہیں بھی نہیں۔ آپریشن ردالفساد بلا تفریق جاری رہنا ملک و قوم کیلئے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور میں اربوں روپے مالیت کے ترقیاتی منصوبے چیچہ وطنی میں مکمل ہوئے جن سے آج بھی لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔
تازہ ترین