• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے عوام نے حکمرانوں کو دل سے نکال دیا،چوہدری پرویز الٰہی

ملتان (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اسپتالوں میں دوائی ہی نہیں ہیلتھ کارڈزکاکیافائدہ،حکمرانوں کو کاشتکاروں سے دشمنی ہے،فلاپ ڈرامے کر رہے ہیں، پاناماکی وجہ سے حکومت کی سانس اکھڑ چکی ہے، ملتان ، لاہور اور پاکستان کے عوام نے حکمرانوں کو دل سے نکال دیا ہے عوام کو اللہ تعالیٰ کے بعد سپریم کورٹ پر اعتماد ہے اور سپریم کورٹ کا فیصلہ آنیوالا ہے، ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نظر نہیں آتی ہے صرف اشتہارات میں حکومت کام کر رہی ہے، پاناماکیس میں ہرشخص سپریم کورٹ کے فیصلے کی طرف دیکھ رہا ہے،فوج کے بغیر موٹو گینگ چھوٹو گینگ کو نہیں مار سکتا،شریف برادران ہر گائوں اور شہر میں چور مشہور ہوگئے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتےہوئےکیا۔انہوں نے مزید کہاکہ سب کوپتہ ہے اورنج لائن کےفنڈزمیں بےضابطگیاں ہیں،جنوبی پنجاب کے فنڈز لاہور میں خرچ کئے جارہے ہیں ۔ حکمرانوں کی کرپشن کے خلاف داد رسی کیلئے پوری قوم سپریم کورٹ کی طرف دیکھ رہی ہے۔میٹرو بس پر 28ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ اسپتالوں میں دوائی نہیں ہے اور اسکولوں میں تعلیم نہیں ہے حکمرانوں نے 10ہزار اسکول بیچ دیئے اور 10نیلامی پر لگا دیئے ہیں ، اسپتالوں میں سہولیات ہی نہیں ہیں تو ہیلتھ کارڈ کا کیا فائدہ ہوگا۔ 1122کے جواب میں شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں پر موبائل اسپتال بنا دیئے۔میرے دور اقتدار میں پہلی بار میٹرک تک کتابیں مفت دی گئی تھیں ۔ حکمرانوں کو کاشتکاروں سے اللہ واسطہ کا بیر ہے اور یہ اپنی دشمنی نبھا رہے ہیں ان کو کاشتکار پسند نہیں ہیں دور اقتدار میں ہمیں کاشتکاروں کے بیج اور قرضوں کی فکر ہوتی تھی فصل پکنے کے بعد اس کی قیمت کی فکرہوتی ہے آج کاشتکار حکومتی پالیسیوں کے باعث شدید مسائل میں جکڑا ہوا ہے۔ پاکستان میں جب آلو اور ٹماٹر کی فصل تیار ہوتی ہے تو انڈیا سے امپورٹ شروع کرا دی جاتی ہےمودی انکا دوست ہے۔ ہم نے اپنے دور اقتدار میں سالانہ 10لاکھ نوکریاں دیں ۔ اگر ہمارے دور میں 350چیک پوسٹیں بنانے دی جاتیں تو شاید فوج کونہ بلانا پڑتا ، سیلاب، دہشت گردی کےخلاف کارروائی اور میچ کرانے جیسے کام فوج کر رہی ہے تو حکمران کیا کر رہے ہیں۔ٹیل تک پانی پہنچانے کیلئےہماری حکومت نے کھالے پختہ کئے اور یونین کونسل کی سطح پر لیز ر لیول فراہم کئے ۔ 40چھوٹے ڈیم بنا کر بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا گیا ۔ 100سے زائد سپیشل بچوں کے ادارے بنائے گئے ، وکیلوں کو فری میڈیکل ایڈ فراہم کی۔ جو کام 55سال میں نہیں ہوئے ہم نے 5سال میں کر دکھائے۔انہوں نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہےکہ مستقبل سنوارنے نکلیں اور پارٹی کی تنظیم نو کریں اور ممبرسازی کا آغاز کریں اس بار غلطی ہوئی تو غریبوں کا پرسان حال کوئی نہیں ہوگا۔ اس موقع پر مشتاق انصاری، راجہ معراج خالد، رانا طارق، طارق گرامانی ملک نواز، چوہدری عبدالمالک چھٹہ، جمشید بپی، اظہر خان، چوہدری احسان، چوہدری الطاف، شمیم اختر سمیت دیگر مسلم لیگ ق کے وررکز نے شرکت کی۔
تازہ ترین