• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں، اشفاق باجوہ

کوونٹری (نمائندہ جنگ) برطانیہ ہمارا ملک ہے اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے پاکستانی اور مسلمان امن پسند ہیں دہشت گردی سے اسلام کا دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز کاروباری شخصیت محمد اشفاق باجوہ نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں دہشت گردی میں ملوث افراد کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ دہشت گرد انسانیت اور اسلام کے دشمن ہیں۔ 23مارچ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین پر دہشت گرد پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کے آلہ کار بن کر ملک کی سلامتی سے کھیلنے کی گھنائونی سازشوں میں مصروف ہیں۔ پاکستان کی حکومت اور افواج پاکستان مل کر دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔ ن لیگ کی حکومت امن اور ترقی کے لئے جدوجہد میں مصروف عمل ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی متحد ہوکر برطانیہ اور پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔ مہر ندیم اختر اور چوہدری ذوالفقار نے کہا کہ 23مارچ کا دن تجدید عہد کا دن ہے آج ہمیں ملک کی سالمیت ، دہشت گردی کے ناسور اور بھارت کی گھنائونی سازشوں سمیت متعدد چیلنجز کاسامنا ہے ان کا مقابلہ کرنا اور ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ ایک خوبصورت ملک ہے اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے اقدامات کئے جانے چاہیں کیونکہ برطانیہ نے ہمیشہ تمام کمیونٹیز کے لوگوں کو تحفظ دیا ہے۔ ریاض کھوکھر، غلام دستگیر، راجہ فیاض ہالینڈ نے کہا کہ برطانیہ میں دہشت گردی برداشت نہیں کی جاسکتی جو افراد دہشت گردی میں ملوث ہیں وہ ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے، انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد لاتعداد چیلنجز دیکھنے کو ملیں گے ۔ پوری کمیونٹی یکجا ہوکر برطانیہ کو مضبوط کرے اور اس کی ترقی خوشحالی کے اقدامات کرے۔ 23مارچ کا دن بین الاقوامی سطح پر منائے جانے سے پاکستان کا نام اور مقام بلند ہوا ہے جبکہ نوجوان نسل کو پاکستان سے آگہی کیلئے ایسی تقریبات وقت کی ضرورت ہیں۔
تازہ ترین