• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سفارتخانہ ڈبلن میں یوم پاکستان کی پُروقار تقریب

آئرلینڈ ڈبلن (پ ر) 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی سفارتخانہ ڈبلن میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز حافظ خالد نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ نقابت انعام اللہ نے کی۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر سید رضوان احمد نے قومی ترانے کی گونج میں سبز ہلالی پرچم کو بلند کرکے پرچم کشائی کی، شرکاء نے قومی ترانے کے احترام میں کھڑے ہو کر قومی پرچم کو خراج تحسین پیش کیا۔ سفیر پاکستان ڈاکٹر سید رضوان احمد نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے۔ شرکاء نے تالیاں بجا کر صدر اور وزیر اعظم کے پیغامات کا خیرمقدم کیا۔ ڈاکٹر سید رضوان احمد نے پاکستانی کمیونٹی کو اپنے پیغام میں یوم پاکستان کی مبارک باد دی اور کہا کہ میں آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ اتنے خراب موسم کے باوجود اس تقریب میں شرکت کرکے حب الوطنی کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہئے۔ ایک دوسرے سے پیار و محبت سے بات کریں اور ملک و قومی کی ترقی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں۔ سفیر پاکستان تقریب کے آخر میں پاکستانی کمیونٹی سے گھل مل گئے۔
تازہ ترین