• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شرجیل میمن نیب کی چھترول پرسب کچھ اگل دینگے ،عابد شیر

لاہور( این این آئی )وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابدشیر علی نے کہا ہے کہ شرجیل میمن نیب کی چھترول پرسب کچھ اگل دیں گے ،آصف علی زرداری پنجاب میں پناہ لیں یا کہیں اور جاکر بیٹھیں انہیں لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا اور ان سمیت جس نے بھی اربوں روپے کی لوٹ مار کی انہیں عدالتوں اور عوام کا سامنا کرنا پڑے گا،جب تک ماڈل ایان علی جیل میں تھی تو پیپلزپارٹی کے رہنمائوں کی زبانوں پر تالے لگے تھے اور بیرون ملک جاتے ہی سی ڈیز اور بلیک میں سینما کی ٹکٹیں بیچنے والے بھی میدان میں آگئے ہیں اور چوہدری نثار کے خلاف باتیں کررہے ہیں ،موجودہ حکومت 2018ء کے آخر تک بجلی کی مجموعی پیداوار کو 26 ہزار میگا واٹ تک لے جائے گی،لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18 سے 20 گھنٹے سے کم ہو کر 4 سے 6 گھنٹے رہ گیا ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید کمی ہو گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 1223 میگا واٹ کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ بلوکی کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے جوکچھ بھی کہیں ہم نے ملک سے چوروں، لٹیروں اور ڈاکوئوں کا خاتمہ کرنے کا عزم کررکھاہے،اگر شرجیل میمن بے قصور ہیں تو انہیں اپنی وزارت سے دستبردار کیوں ہونا پڑا اور 3 سالہ خود ساختہ جلاوطنی میں کیوں رہنا پڑا؟۔انہوں نے پانی کی تقسیم کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی اب سندھ کارڈ کھیلنا چھوڑ دے۔انہوں نے کہا کہ بال ٹمپرنگ کرنے والوںکیخلاف ہم دھرنا دیں گے اور وہاں صحت، تعلیم، موٹر ویز اور ڈیمز کے منصوبے شروع کرائیں گے ۔تعمیری سیاست کے ذریعے خیبر پختوانخواہ کے عوام کا مقدمہ اب (ن) لیگ لڑے گی۔
تازہ ترین