• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راحیل شریف مسلم اتحاد کا سبب بنیں گے، دشمن قوتوں کو مشرقی و مغربی محاذ کھولنے کی ہرگز اجازت نہیں دینگے، ناصر جنجوعہ

اسلام آباد (جنگ نیوز/نیوز ایجنسیز) وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا ہے کہ اگر جنرل راحیل شریف 34ملکی فوجی اتحاد کا سربراہ بنے تو وہ امت مسلمہ کے اتحاد کا سبب بنیں گے، راحیل شریف اپنے تجربات اور سوچ کے ساتھ مسلم ممالک کی غلط فہمیوں کو دور کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے سینٹر فار پاکستان اینڈ گلف اسٹڈیز اور جرمن ادارے ’کے اے ایس‘ کے زیراہتمام ’بحر ہند میں میری ٹائم سکیورٹی اور پاکستان کے لئے چیلنجز‘ کے موضوع پر ایک روزہ کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب اور بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے کہا کہ راحیل شریف کی سربراہی کا ایران سمیت اتحاد مخالف دیگر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر صورت افغانستان سے تعلقات بہتر بنانا ہونگے اگر دشمن قوتیں پاکستان کے لئے مشرقی اور مغربی سرحد دونوں پر محاذ کھولنا چاہتی ہیں تو ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے کیونکہ ہمارا مستقبل وسط ایشیا سے جڑا ہے اور وسط ایشیا کا راستہ افغانستان سے ہی گزرتا ہے، ہمیں ہر صورت مستحکم افغانستان کی ضرورت ہے اور افغانستان کے ساتھ بہترین تعلقات قائم کرنا ہماری پالیسی کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت پاکستان کے لئے دو محاذ کھڑے کر رہا ہے تو دراصل وہ اپنے لئے بھی دو محاذ کھول رہا ہے اور بھارت کے لئے یہ گھاٹے کا سودا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحر ہند اور سی پیک دنیا کا گیٹ وے بنیں گے اگر ہم تجارتی راہداری بن کر چین کو سینٹرل ایشیا اور روس کے ساتھ جوڑیں گے تو اس کے ہماری معیشت پر بے پناہ مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔  انہوں نے کہا کہ سی پیک کے مکمل ہونے کے بعد صرف بھارت اور پاکستان بحر ہند کے اندر نہیں ہوں گے بلکہ روس، چین اور وسط ایشیا کی ریاستیں بھی بحر ہند میں ہوں گی اور دنیا کی بڑی طاقتوں کے بحری جہاز یہاں سے سفر کریں گے۔ نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ مزید فوجی عدالتوں میں توسیع کی ضرورت نہ پڑے۔ نیشنل ایکشن پلان میں بہت سی چیزیں مذہب سے جڑی ہیں۔ ہم دین پر قائم ہونے کی بجائے فرقوں پر قائم ہو گئے ہیں۔ مدارس کے حوالے سے بھی آپ کو بہت جلد خوشخبری دیں گے۔ کانفرنس سے پاکستان گلف اسٹڈیز کی چیئرپرسن سینیٹر سحر کامران اور بحریہ یونیورسٹی کے ڈاکٹر اظہر احمد نے بھی خطاب کیا۔ 
تازہ ترین