ملتان (نمائندگان،ایجنسیاں)لاڑکانہ میں 4 دہشتگرد جبکہ ڈیرہ ،بھکر اور ہنگو میں 46مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے تفصیلات کے مطابق آپریشن ردالفساد کے تحت لاڑکانہ ڈویژن میں پولیس نے تحریک طالبان، لشکر جھنگوی اور حفیظ بروہی گروپ سے تعلق رکھنے والے چار دہشتگردوں امانو اوگاہی، ریاض اوگاہی، شعیب پٹھان اور عبدالقیوم پٹھان کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ امانو اوگاہی اپر سندھ میں تحریک طالبان پاکستان، بی ایل اے، بی آر او اور لشکر جھنگوی کا مین سہولت کار تھا اس کی گرفتاری پر پانچ لاکھ روپے انعام بھی مقرر تھا۔ اسی طرح عبدالقیوم بروہی افغانستان میں تربیت حاصل کرنے کے بعد شکارپور میں بیٹھ کر حفیظ بروہی کا نیٹ ورک آپریٹ کرتا تھاعلاوہ ازیں بھکر کے علاقوں حیدرآبادتھل اور بہل میں سرچ آپریشن کے دوران 19افراد زیر حراست لےلیے گئے،ان میں سے 2 ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ہنگو کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 10اشتہاری مجرمان سمیت 22 مشکوک افراد گرفتارکرلیے گئے ہیں ، اس دوران 13 مکانات اور 10ہوٹلوں کی تلاشی لی گئی ہے ،ملزمان سے4پستول،ایک رائفل اور1351 گرام چرس برآمد ہوئی ہے۔ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقہ بستی بزدار میں سرچ آپریشن کے دوران رینجرز نے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ۔