کراچی (اسٹاف رپورٹر)قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلمیں ملتان کی پوزیشن مستحکم ہوگئی، اس نے حیدرآباد کیخلاف267 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی جبکہ فیصل آبادکو سیالکوٹ کیخلاف مشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان اسٹیڈیم میں سہ روزہ سیمی فائنل کے دوسرے دن ملتان نے دوسری اننگز میں چار وکٹوں پر 150 اسکور کرکے 267 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔ صہیب مقصود 67 اور رحمن مزمل 20 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔ عمران رفیق 30 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ قبل ازیں حیدرآباد کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 45 اوورز کے کھیل میں 150 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ حارث خان نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ شعیب لغاری نے 34 رنز میں چار چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ علی عثمان نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ضیاء الحق اور صدف مہدی نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری دوسرے سیمی فائنل میں فیصل آباد کو سیالکوٹ کیخلاف مشکلات کا سامنا ہے۔ فیصل آباد نے 87 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز شروع کی اور دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر تین وکٹوں پر 116 اسکور کرلیا۔ علی رفیق 58 رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے۔ قبل ازیں سیالکوٹ کی ٹیم نے پانچ وکٹوں پر101رنز کے ساتھ اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کی اور 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ایاز تصور نے 58، عبدالرحمن 50 اور محمد عرفان 35 رنز بناکر نمایاں رہے۔ احمد صفی نے چار اور احسان عادل نے دو شکار کیے۔