• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسٹیٹ بینک آف پاکستان، دکھی انسانیت کی قابل قدر خدمات کے اعتراف میں عظیم سماجی کارکن اور مخیر شخصیت مولانا عبدالستار ایدھی مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 31مارچ سے 50روپے کا یادگاری سکہ جاری کررہا ہے۔ وفاقی کابینہ نے 15جولائی 2016کے اجلاس میں بینک کو یہ سکہ جاری کرنے کا اختیار دیا تھا۔ 13.5گرام وزنی یہ سکہ 97فیصد تانبے اور 25فیصد نکل سے بنایا گیا ہے۔ اس کے پچھلے رخ پر ایدھی مرحوم کا یک رخی تصویری عکس ہے جس کے اوپر کی سمت میں عہد انسانیت، عبدالستار ایدھی اور نیچے دائرے کی صورت میں ان کا عرصہ حیات 1928-2016درج ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا یہ دوسرا یادگاری سکہ ہے جو اسٹیٹ بینک جاری کر رہا ہے۔ اس سے قبل ایسا یادگاری سکہ 1997میں قیام پاکستان کی گولڈن جوبلی کے موقع پر جاری کیا گیا تھا۔ سادہ زندگی گزارنے والے دوریش منش انسان عبدالستار ایدھی سماجی خدمات کے حوالے سے پاکستان کے نامور سپوت ہونے کے علاوہ دنیا بھر کیلئے ایک روشن مثالی شخصیت تھے، ان کی ایدھی فائونڈیشن کے تحت ملک کے کئی بڑے شہروں میں چلنے والے محتاج گھر لاوارث لڑکے لڑکیوں، مظلوم خواتین، معذوروں، بوڑھوں، ذہنی مریضوں، معاشرے کے دھتکارے ہوئے انسانوں اور آفات ارضی و سماوی کے متاثرین کو پناہ فراہم کر رہے ہیں۔ لاوارث لاشوں کے غسل سے تجہیز و تکفین تک سارے کام وہ خود اپنے ہاتھوں سے کرتے۔ ایدھی ایمبولینس، فری ڈسپنسریاں اور فری لنگر ہزاروں محتاجوں اور ضرورت مندوں کی مدد کیلئے موجود ہیں۔ ایسے عظیم انسان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری سکے کا اجرا ایک مستحسن اقدام ہے۔ اس سے دوسرے لوگوں میں بھی خدمت انسانیت کا جذبہ فروغ پائے گا۔جس کی نفسا نفسی کے اس دور میں بہت زیادہ ضرورت ہے۔ حکومت نے یادگاری سکہ جاری کرکے سماجی ورکروں کی بجا طور پر حوصلہ افزائی کی ہے۔

.
تازہ ترین