نیو کاسل (پ ر) تحریک انصاف برطانیہ کے سینئر رہنما ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہا ہے کہ اشکراپنا گھر چکسواری یتیم اور بے سہارا بچوں کی کفالت کرکے اجر عظیم کما رہا ہے اشکراپنا گھر چکسواری کے چیئرمین چوہدری محمد مالک درد دل رکھنے والے انسان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یتیموں، مسکینوں اور بے سہارا لوگوں کی بے لوث خدمت عظیم ترین نیکی اور قرب الٰہی کا بہترین ذریعہ ہے اللہ تعالیٰ اپنے چند لوگوں کو ہی ایسے عظیم کاموں کی توفیق اور سعادت دینا ہے اس ادارے میں رہائش پذیر بچوں کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جو ایک صاحب حیثیت کے گھر میں بچوں کو مہیا کی جاتی ہیں دین اور دنیا کی تعلیم حاصل کرکے اس ادارے سے مستقبل کے معمار نکلیں گے۔ اگر معاشرے میں موجود مخیر حضرات چوہدری محمد مالک جیسے لوگوں کی پیروی کرتے ہوئے یتیموں اور مسکینوں کی کفالت کے لئے میدان عمل میں نکلیں تو معاشرہ جنت بن سکتا ہے۔ ڈاکٹر پرویز چوہدری نے کہا کہ چوہدری محمد مالک مستقبل میں قرآن پاک اور دیگر مقدس اوراق کی حفاظت کے لئے بی بی فاطمہ قرآن محل بنانا چاہتے ہیں یہ کام بھی اپنی نوعیت کا منفرد کام ہوگا۔