شیخوپورہ میں ٹرین حادثہ گیٹ مین کی کوتاہی سے پیش آیا، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کو پیش کی گئی ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گیٹ مین نے سگنل اپ کرنے کی اطلاع دیر سے دی، تب تک ٹرین سگنل کراس بھی کر چکی تھی۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق گیٹ مین نے غیر معمولی وقت ضائع کیا، جس وقت گیٹ مین نے سگنل اپ کرنے کے لیے اطلاع دی اس وقت ٹرین سگنل کراس کرچکی تھی۔
وزیر ریلویزخواجہ سعد رفیق کی زیر صدارت پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرزآفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ محمد سفیان ڈوگر نے شیخوپورہ حادثے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق جس وقت گیٹ مین نے سگنل اپ کرنے کے لیے اطلاع دی اس وقت ٹرین سگنل کراس کرچکی تھی۔
انجن کے معائنے سے ثابت ہواکہ ٹرین ڈرائیور نے بریک لگانے کی کوشش کی مگر گاڑی پوری طرح نہ رک سکی ۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ فیڈرل گورنمنٹ انسپکٹرآف ریلویز یکم اپریل کو اپنی تین روزہ تحقیقات مکمل کریں گے جس کے بعد حادثے کے حوالے سے اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حادثے میں نقصان بھی پاکستان ریلویز کا ہوا اور مخصوص مفادات کے لیے ٹارگٹ بھی پاکستان ریلویز جیسے قومی ادارے کو بنایا جارہاہے جوقابل افسوس ہے ۔
انہوں نے کہا کہ حادثے کی تحقیقات میں سامنے آنے والی خامی ، کمی اور کوتاہی پر غور کرنے کے لیے اجلاس ہفتے کے روزدوبارہ ہوگا۔