اسلام آباد (نمائندہ خصوصی،اے پی پی ) وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان صاحب نے آج پھر ہمیشہ کی طرح اپنی چوری کی تلاشی دینے سے انکار کیا ہے، عمران خان صاحب آپ سڑکوں پر جتنا شور مچائیں، جتنا روئیں، اپنی چوری اور کرپشن چھپائیں لیکن آخر کار جواب اور حساب تو دینا ہی ہوگا۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے اپنی چوری کو چھپانے کے لئے اپنی عادت سے مجبور الیکشن کمیشن کے دائرہ کار کو چیلینج کیا، عمران خان نے اگر چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے ؟ عمران خان صاحب آپ پی ٹی آئی کے نام غیر قانونی طریقوں سے حاصل کی گئی فارن فنڈنگ کی رقم کا الیکشن کمیشن کو حساب دیں، زکواۃ اور خیرات کو زمینوں کے کاروبار میں استعمال کرنے کا حساب دیں، چوری نہیں کی تو تلاشی دیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان سینہ زوری سے چوری نہیں چھپا سکتے، ان سے پی ٹی آئی کے کارکن اور پوری قوم غیر قانونی فارن فنڈنگ کا حساب مانگ رہی ہے،قبل ازیں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں چترال پریس کلب کی نو منتخب قیادت کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر کے ساتھ ساتھ ہماری نئی نسل کی تقدیربدل دے گا ،صحافیوں کے لئے سکیورٹی اینڈ سیفٹی بل کو حتمی شکل دی جارہی ہے،صحافیوں کی استعداد کار بڑھانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے تربیت کا پروگرام تین سے پانچ سال تک جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے میڈیا پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک کے مثبت تشخص کی ترویج کے لئے ملک میں ہونے والی ترقیاتی منصوبوں ‘صحت ‘قومی یکجہتی ‘تعلیم اور دیگر شعبوں میں میں اٹھائے جانے والے اقدامات کو عوام کے سامنے لائیں،وزیر مملکت نے چترال پریس کلب کے ممبران کے لئے میڈیا کالونی‘سالانہ گرانٹ 8لاکھ کرنے ‘ 10کے وی اے ریڈیو ٹرانسمیٹر کی منظوری دیدی ‘اسلام آباد کی سڑک کا نام چترال سے منسوب کرنے کے لئے میئر اسلام آباد سے بات کرنے اور چترال کے صحافیوں کے تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اے پی پی کے مطابق ایک بیان میں وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگز یب نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے عمران خان کی پالیسی کے مطابق افواج پاکستان کو متنازع بنانے کی کوشش کی ہے، جنرل کیانی پر دھاندلی کا جھوٹا الزام لگانا غیر ذمہ دارانہ اور افسوسناک ہے، پوری قوم کو اپنی مسلح افواج پر اعتماد اور فخر ہے، عمران خان اور ان کے نمائندے قوم سے معافی مانگیں، اداروں کی تضحیک اور الزامات لگانا عمران خان کی عادت بن چکی ہے، تحریک انصاف کے سربراہ کو دوسروں کی عزت کرنا نہیں آتی اس لئے ان کے مقدر میں بھی عزت نہیں ہے۔ عمران خان کو چاہیے کہ وہ سیاست کو خیرباد کہہ کر اپنے بچوں کے پاس لندن چلے جائیں کیونکہ کارکردگی کی سیاست ان کے بس کی بات نہیں ہے۔