برمنگھم (ابرار مغل)تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو پاکستان کا صوبہ بنانے کے حوالے جس طرح کی خبریں آرہی ہیں ایسے حالات آزاد کشمیر کی حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے لئے بڑی آزمائش کے ہیں کہ اس کوشش کو اگر وہ روک نہ سکے تو پھر مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ان کا نام لینا بھی مشکل ہوجائےگا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کشمیر کا حصہ ہے ساری جماعتوں کا اس پر ہمیشہ مشترکہ موقف ہے مگر اب حالات ایسے آرہے ہیں کہ وہ کتنی جرات اور استقامت دکھا سکیں گے پیپلزپارٹی پاکستان کے چیئرمین بلاول زرداری صوبہ بنانے کے حمایت کرچکے ہیں مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے سامنے کیا جرات کرے گی اور تحریک انصاف کا ابھی موقف سامنے نہیں آیا اس طرح کی خاموشی رہی تو آزاد خطے کو بھی صوبہ بنانا آسان ہوجائے گا۔ محمد غالب نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ نے لندن پہنچنے پر اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں صوبہ بنانے کا اعلان ہوجائے گا اور اس کے بعد بھارتی حکومت کو جواز مل جائے گا کہ مقبوضہ کشمیر کو اپنا حصہ بنالے اور آئین میں ترمیم کرکے ہمیشہ کے لئے مسئلہ کو ختم کردے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حکمرانوں نے جو راستہ اختیار کیا ہے یہ مسئلہ کشمیر کی متنازہ حیثیت کو ختم کرنے کے مترادف ہے اس سے پاکستان اور کشمیریوں کے درمیان بھی بے اعتمادی پیدا ہوگی اور بھارت اس سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔