اسلام آباد (نمائندہ جنگ) راولپنڈی اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں منگل کو آندھی چلنے کے ساتھ بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا تاہم سندھ کے بعض مقامات پر سورج آگ برساتا رہا۔ لاڑکانہ میں درجہ حرارت 46، دادو 45سکھر، شہید بینظیر آباد اور تربت میں 44ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز علی صبح بارش کا شروع ہونے والا سلسلہ وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہا ۔ دن کو بعض مقامات پر دھوپ نکلنے کے باوجود بارش بھی ہوتی رہی۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی۔راولپنڈی میں 55کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی بھی چلی۔ سب سے زیادہ بارش مری، راولاکوٹ میں 22، کالام 18دیر 17اسلام آباد ، بالاکوٹ 15ایبٹ آباد میں 12راولپنڈی ، پشاور میں پانچ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، راولپنڈی اسلام آباد ، گوجرانوالہ ، لاہور ، سرگودھا ، فیصل آباد ، کشمیر ، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ ڈی جی خان ، ملتان ، کوئٹہ ، ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر آندھی چلنے کے علاوہ بارش کا بھی امکان ہے۔ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن میں موسلا دھار بارش کی بھی توقع ہے۔