لاہور (اے پی پی )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ( ر) خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ملک میں ہاکی کی کوچنگ کے مختلف طریقہ کار ہاکی کے کھیل کی بہتری میں رکاوٹ اور الجھن کا باعث ہیں ،اس لئے پی ایچ ایف نے فیصلہ کیا ہے کہ ملک بھر میں اگلے ایک ماہ کے دوران ہاکی کی کوچنگ کے ایک طرح کے ہی طریقہ کار لاگو کردیا جائے۔ ہمارے کوچز کی طرف سے ہاکی کی مختلف کوچنگ کی وجہ سے ملکی ہاکی کو بہت بڑے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی گراس روٹ لیول پر مختلف طریقہ کار کے تحت کوچنگ کی جاتی ہے اور وہ جب قومی ٹیم کے کیمپ کےلئے اکھٹے ہوتے ہیں تو پھر ان کی کوچنگ کرنا مشکل ہوتا ہے ، مختلف طریقہ کار کی وجہ سے کھلاڑی الجھن کا شکار ہوجاتے ہیں ۔ نیچے سےٹاپ لیول تک ایک طرح ہی کی کوچنگ کے طریقہ کار کو نافذ کرنے کےلئے ایک کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے، پلیئرز کی ماڈرن ہاکی کے مطابق ٹریننگ ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ایف نے ہاکی لیگ کے انعقاد کے آئیڈیا کو ختم نہیں کیا، ہاکی لیگ کا بیرون ملک انعقاد ایک آپشن ہے لیکن اس سے ہمارا مقصد حل نہیں ہوگا۔ ہم ملک میں اس کا انعقاد چاہتے ہیں، مقامی کھلاڑیوں کو غیرملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت تجربہ ملے گا۔ انہوں نے کھیل کی ترقی اور بحالی کےلئے پی ایچ ایف کو فنڈز کی فراہمی پر وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ سینئر ہاکی ٹیم میں نئے کھلاڑی شامل کرکے اس کی تشکیل نو ہورہی ہے اور حالیہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے دورہ کے دوران نوجوان کھلاڑیوں نے اپنی سلیکشن کو صحیح ثابت کیا ہے ،ہماری جونیئر ٹیم بھی بہتر ہے اور اسے بھی آسٹریلیا بھجوایا جارہا ہے ۔ سینئر ہاکی ٹیم کے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ سے جون میں انگلینڈ میں ہونے والی چیمپئنز لیگ میں بہتر پرفارمنس دکھا کر ورلڈ کپ میں رسائی میں مدد ملے گی۔