• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدائے چار سدہ کی یاد میں نائن زیرو پر شمعیں روشن

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سانحہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے شہید پروفیسر ، طلبا ء اور یونیورسٹی عملے کے شہید اراکین کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے متحدہ قومی مومنٹ کے زیر اہتمام جمعرات کی شام الطاف حسین کی رہائشگاہ نائن زیرو پر شمعیں روشن کرنے کیلئے پر عقیدت تقریب کا اہتمام کیا گیا۔تقریب میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر محمد فاروق ستار،عامر خان، ڈپٹی کنوینر سیدشاہد پاشا،ارکان رابطہ کمیٹی ، سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے انچارج فرقان اطیب ، اراکین سی ای سی ، تنظیمی شعبہ جات کے ذمہ داران،حق پرست اراکا ن پارلیمنٹ ،کراچی کے حق پرست نامزدمئیر وسیم اختر، ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ ،منتخب چیئر مین،کونسلر ز سمیت مختلف صحافتی تنظیموں ، اقلیتی برادری کے نمائندوں، فن کاروں ، گلوکاروں، کارکنان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی معروف شخصیات نے شرکت کرکے شہداء سانحہ چارسدہ باچا خان یونیورسٹی کو خراج تحسین کیا ۔اس موقع پر نائن زیروکی گلی میں اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر درجنوں کی تعداد میں شمع رکھی گئیں تھیں۔تقریب کے مقررین نے حکومت سے آپریشن ضرب عضب او ر کراچی آپریشن کو اندرون سندھ اور پنجاب سمیت ملک کے دیگر صوبوں تک بڑھانے کا بھی مطالبہ کیا۔دریں اثنا ایم کیوا یم کے زیراہتمام پنجاب اسمبلی کے سامنے شہدائے باچا خان یونیورسٹی سے اظہار عقیدت کرتے ہوئے شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن شبیر احمد قائم خانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر ہونے والا دہشت گرد حملہ ناصرف ایک قومی سانحہ ہے بلکہ اس نے آرمی پبلک اسکول سانحہ کے بعد بننے والے نیشنل ایکشن پلان کی ناکامی کی قلعی کھول دی۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اپنے خطابات اور بیانات میں بارہا طالبان، القاعدہ، داعش اور دہشتگردوں کی ملک میں موجودگی کی نشاندہی کرتے رہے ہیں اور حکومت کو آگاہ کرتے رہے ہیں کہ اگر ان دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کاروائی نہ کی گئی تو یہ پورے ملک کو دہشتگردوں کے رحم وکرم پر چھوڑنے کے مترادف ہوگا اور اس سے پاکستان کی بقاء و سلامتی اور پاکستانی عوام کا مستقبل خطرے میں پڑ جائے گا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم صوبائی تنظیمی کمیٹی پنجاب و سینٹرل پنجاب کے ذمہ داران و کارکنان سمیت بڑی تعداد میں مرد ، خواتین، بزرگ اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ بعدازاں شہدائے باچا خان یونیورسٹی، پاکستان کی بقاء و سلامتی اور الطاف حسین کی صحت و درازئے عمر کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
تازہ ترین