• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، مردان اور ایبٹ آباد کی ترقیاتی پلاننگ بارے ورکشاپ

پشاور(وقائع نگار) پشاور‘ مردان اور ایبٹ آباد کی ترقی کیلئے 15سالہ پلاننگ کے حوالے سے اربن پالیسی اینڈ پلاننگ یونٹ خیبرپختونخوا نے سٹی انیشیٹو فار ایشیاء (سی ڈی آئی اے) کے تعاون سے ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا ‘ جس کا مقصد 15سالہ منصوبہ بندی کے ساتھ ساتھ پشاور کے عام شہریوں کو مقامی سطح پر سرمایہ کاری اور سروسز کے حوالے سے آگاہ بھی کرنا تھا‘ اس موقع پر بتایاگیا کہ مقامی سطح پر سرمایہ کاری سے معاشی سرگرمیاں بڑھنے کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہونگے‘ ٹاظم ٹائون ٹو فرید اللہ نے ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایشیاء میں پشاور واحد ایسا شہری علاقہ ہے کہ سات ملین سے زائد لوگ آباد ہیں اور حکومت سی ڈی آئی اے کی ترقیاتی سٹرٹیجی 2014-18ء کی توثیق کرکے شہر کو ترقیافتہ شہروں کی صف میں لانے کی کوششوں میں مصروف ہے‘ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے فیصلہ سازی میں عام شہری کی شمولیت ضروری ہوتی ہے ‘ شہریوں کو مسائل کا سامنا ضرور ہے لیکن اب مستقل کی جانب دیکھنے اور اپنے خاندانوں کیلئے بہتر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے اور انہیں بہتری شہری سہولیات کی فراہمی بھی ناگزیر ہے‘ ورکشاپ میں متعلقہ سٹیک ہولڈرز کو بھی مدعو کیاگیا تھا جن کے باعث شہروں میں سروسز اور سرمایہ کاری کے حوالے فیصلوں میں بحث و مباحثے کا سیشن بھی ہوا‘ ورکشاپ میں حکومتی نمائندوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی‘ اکیڈمیہ‘ بزنس کمیونٹی ‘ میڈیا‘ اقلیتوں اور معذور افراد کی نمائندگی بھی تھی ‘ اس موقع پر خواتین اور مردوں کے مابین بھی بحث مباحثے کے سیشن ہوئے‘ اس موقع پر حاضری نے زور دیا کہ پلاننگ اور عملدرآمد کے منصوبے میں صاف پانی کی فراہمی‘ نکاس  آب اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو سرفہرست رکھا جائے اور واضح کیا جائے کہ ان معاملات میں کیسے بہتری لائی جا سکتی ہے اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں‘ اس موقع پر مہمان خصوصی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اربن پالیسی اینڈ پلاننگ اسرار الحق  نے کہا کہ  شہر کی ترقی کے حوالے سے بہترین ماڈل اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔ 
تازہ ترین