لاہور( خصوصی نمائندہ /ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اس سال انتخابات کے دعوے کرنیوالوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا،بڑی بڑی باتیں اور دعوے کرنے کی بجائے بلاول اپنے منصوبے پٹاری سے باہر نکالیں اور وہ خورد بین بھی لوگوں کو دکھائیں جن سے ان کی ترقی نظر آ سکتی ہے کیونکہ کراچی کی تعفن زدہ سڑکیں کچھ اور ہی منظر پیش کررہی ہیں۔ سیاست کسی کی جاگیر نہیں اور نہ ہی اقتدار الزامات لگانے، لغوزبان استعمال کرنے اور دھرنوں سے ملتاہے۔ ترقی جمہوریت اور پالیسیوں کے تسلسل سے ہی آتی ہے اور انشاء اللہ اب اقتدار کی باری کسی کی نہیں بلکہ ترقی و خوشحالی کی ہوگی۔حمزہ شہباز نےگزشتہ روز چکوال کی تحصیل تلہ گنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الزام تراشی اور دھرنوں کی سیاست کو عوام نے بری طرح مسترد کردیاہے انشاء اللہ الیکشن 2018میں ہی ہونگے اور عوام کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ کے مینڈیٹ کا فیصلہ کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب کے ہر ضلع اور شہر میں تیزی سے ترقیاتی کام ہورہے ہیں اور انشاء للہ لوڈشیڈنگ کے جن کو قابوکرنے سے لیکر دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ نے تک ہر وعدہ پورا کرینگے اور نوازشریف کی قیادت میں عوام کی عدالت میں سرخروہونگے۔حمزہ شہباز نے کہاکہ اقتصادی راہداری ،بجلی کی پیداواراور تمام شعبوں میں ہونے والے ترقی سب کو نظر آرہی ہے جبکہ ہماری میٹروکو جنگلہ بس کہنے والوں کو اب اپنے صوبے میں اسی منصوبے کی یاد آگئی ہے ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ 14ارب سے میٹروبنانے کا دعوی ٰکرنے والے اب 57 ٓارب روپے سے بس چلارہے ہیں جس کا 2018میں شروع ہونے کا امکان بھی نظر نہیں آتا ۔حمزہ شہباز نے کہاکہ پہلی مرتبہ سیاسی و جماعتی بنیادوں پر پنجاب بھر میں بلدیاتی اداروں کی تشکیل کردی گئی جسے ماضی میں آمر اپنی چھڑی کے طور پر استعمال کرتے تھے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی لحاظ سے مزید مضبوط بنائیں گے کیونکہ یہ جمہوریت کی اصل نرسری ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آج پنجاب میں لاہور کے بعد راولپنڈی اور ملتان میں بھی کامیابی سے میٹرو چل رہی ہے اور انشاء اللہ اورنج لائن ٹرین کا منصوبہ بھی کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔حمزہ شہباز نے کہاکہ اقتدار پر شب خون مارنے کا دورگزر گیا اب تبدیلی ووٹ اور جمہوریت کے ذریعے ہی آئے گی اور چور دروازے سے حکومت کرنے کے خواب کبھی پورے نہیں ہونگے۔حمزہ شہباز نے کہاکہ 2018میںابھی وقت ہے اورہم انشاء اللہ تمام عوامی توقعات پوری کرینگے ۔انہوں نے کہاکہ وہ الیکشن جیتنے نہیں بلکہ لوگوں کے دل جیتنے کو کامیابی سمجھتے ہیں اور انشاء اللہ تلہ گنگ سے مسلم لیگ(ن)کے صوبائی امیدوار ملک شہر یار اعوان بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے ۔اس موقع پر تلہ گنگ کی مختلف یونین کونسلوں کے منتخب نمائندون نے بھی حمزہ شہباز سے ملاقات کی اور انہیں اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا