اسلام آباد(جنگ نیوز) عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد شمیم نے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کو سی آئی اے،بھارتی ایجنسی را اور ایم آئی 6 کے کی مدد حاصل ہے ۔جمعرات کو عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد شمیم نے کہا کہ وہ عمران فاروق قتل کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کو تیار ہیں مگر اس میں انہیں عوام کی مدد درکار ہے ، وہ قتل کیس کے حوالے سے دیئے گئے اپنے بیان پر قائم ہیں ، انہوں نے جو بیان دیا کسی کے دبائو میں آکر نہیں دیا بلکہ اپنی مرضی سے دیا تھا ۔ خالد شمیم نے اپنی اہلیہ سے ملاقات کے دوران اس بات کی بھی تصدیق کی کہ انہیں کسی سے جان کا کوئی خطرہ نہیں ۔ اس موقع پر خالد شمیم کی بیوی کا کہنا تھا کہ اس کے شوہر کی حالت ٹھیک نہیں اس لئے وہ ایسے بیانات دے رہا ہے اس کے بیانات کو سنجیدہ نہ لیا جائے جبکہ دوسری طرف خالد شمیم کا اصرار تھا کہ وہ بالکل ہوش و حواس میں ہے اور وہ بیان دینا چاہتا ہے کہ الطاف حسین اور محمد انور ،سی آئی اے بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ اور ایم آئی سکس کے ایجنٹ ہیں ۔