پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبائی احتساب کمیشن میں کمشنروں اور ڈائریکٹرجنرل کی تقرری کا اختیار سرچ اینڈ سکروٹنی کمیٹی اور قانون سازکمیٹی کی بجائے پشاور ہائی کورٹ کو دینے کا اعلان کردیا ہے،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے منگل کے روز صوبائی اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ شک یہ کیاجاتاہے کہ احتساب کمیشن میں تقرریاں بھی ان کے کہنے پر ہوتی ہیں اور تمام معاملات بھی ان ہی کے اشاروں پر ہورہے ہیں اس لیے صوبائی حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ احتساب کمیشن کے تمام کمشنروں اور ڈائریکٹرجنرل سمیت اہم عہدوں پر تقرریوں کا اختیار پشاور ہائی کورٹ کو دے دیاجائے جس کیلئے جلد ہی مذکورہ قانون میں ترمیم لائی جارہی ہے جس کے بعد تمام تقرریاں چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے کی جائیں گی ۔