• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ چار سدہ کے بعد سندھ میں سکیورٹی انتظامات سخت کرنے کا فیصلہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) باچا خان یونیورسٹی پشاور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد حکومت سندھ نے پورے صوبے خصوصاً کراچی میں سیکورٹی کے انتظامات کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ باخبرذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کے محکمہ داخلہ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سے کہا ہے کہ وہ باچا خان یونیورسٹی کے واقعہ کے بعد کراچی سمیت صوبے بھر کے تعلیمی اداروں اور وہاں موجود طلبہ، اساتذہ اور دوسرے عملے کے تحفظ کئے لئے فول پروف سیکورٹی کے اقدامات کریں ۔واضح رہے کہ گزشتہ برس پشاور میں ہی آرمی پبلک اسکول پر بھی دہشت گردوں نے دہشت گردی کی ایک بڑی کارروائی کی تھی جس کے بعد ملک بھر اور کراچی کے تعلیمی اداروں کی سکیوریٹی بڑھانے کے لئے بڑے پیمانے پر مربوط کوششیں کی گئی تھیں لیکن اس کے باوجود کراچی کے اکثر تعلیمی اداروں میں سکیورٹی کی صورتحال اطمینان بخش نہیں ہے۔ حکومت سندھ نے پولیس اور دوسرے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ کراچی کی تمام بڑی جامعات، کالجز اور معروف اسکولوں کے قرب و جوار میں سکیورٹی اہلکاروں کی اضافی نفری متعین کی جائے اور وہاں پیٹرولنگ میں بھی اضافہ کردیا جائے۔یاد رہے کہ سندھ کے سینئر وزیر تعلیم و پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے بھی گزشتہ روز کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ باچا خان یونیورسٹی پشاور کے واقعہ کے بعد کراچی میں بھی سکیورٹی خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا اور اس ضمن میں حکومت سندھ ضروری اقدامات کررہی ہے۔
تازہ ترین