اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پاناما کا فیصلہ سپریم کورٹ پر چھوڑیں اور الیکشن کمیشن میں فوراً فنڈنگ کا جواب دیں، عمران خان اپنی جھوٹ، نا اہلی، انتشاری اور فسادی سیاست سے پوری قوم کا صبر آزما رہے ہیں۔ پاناما قوم کا نہیں عمران خان کا سیاسی مسئلہ ہے، وہ پاناما فیصلہ کے ٹھیکیدار نہ بنیں بلکہ کے پی کے کے عوام کی طرف رخ کریں۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کے عوام انکی حرکتوں کی وجہ سے مسترد کرچکی ہے اور وہ 2018ء میں ان کو پاکستان سے رخصت کرے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی قوم ان کے الیکشن کمیشن میں جواب دینے کی منتظر ہے، اگر انہوں نے چوری نہیں کی تو تلاشی دیں اور سوال کا جواب گالی سے نہ دیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان آرٹیکل 62/63 پر اپنا جواب الیکشن کمیشن میں دیں۔ پاناما کیس کے جھوٹے الزامات کو ثابت کرنے کے ثبوت سپریم کورٹ میں دینے تھے ، اب بنی گالا میں رونے سے کو ئی فائدہ نہیں۔