اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عام انتخابات قبل از وقت کرانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، وزیراعظم پر قبل ازوقت انتخابات کے لیے دبائو نہیں ڈالا جاسکتا، قبل ازوقت انتخابات کا اعلان وزیراعظم کی صوابدید ہے، پاناما کا فیصلہ آئے گا تو دیکھیں گے ہرفیصلہ صدیوں تک یاد رکھا جاتا ہے۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ ذیلی کمیٹی کا اب روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہوا کرے گا۔ دوسرا فیصلہ یہ ہوا ہے کہ سب سے پہلے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے 9قوانین کو یکجا کرنے کا کام مکمل کیا جائے تاکہ 9قوانین کو یکجا کرنے کے بعد ایک ہی رول بنے۔ اجلاس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختلف اسٹیک ہولڈر سے آنے والی تجاویز پر جلد کام مکمل کیا جائے۔