لاہور(نمائندہ خصو صی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کے ذمہ دار کلبھوشن کو ریمنڈ ڈیوس کی طرح رہا کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دینگے‘حکومت کلبھوشن کے نیٹ ورک کا بھی بتائے ‘حکمران مغل بادشاہ بن بیٹھے ہیں اور شہزادوں جیسی زندگی بسر کر رہے ہیں جیسے اسلام آباد جہیز میں لیکر آئے ہیں‘ آج کی مسلم لیگی قیادت نظریہ پاکستان سے نابلد نظر آتی ہے یا پھر وہ مغرب اور بھارت کو خوش کرنا چاہتی ہے‘ اسی لئے نظریہ پاکستان کے منافی بیانات دیئے جارہے ہیں۔منصورہ میں مرکزی تریبت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کلبھوشن کو اس کے کئے کی سزا ضرور ملنی چاہیے، اس معاملے پر جو لوگ نرم گوشہ رکھتے ہیں انہیں بتا دینا چاہتے ہیں کلبھوشن کو ریمنڈ ڈیوس کی طرح ساز باز کر کے نہیں جانے دیا جائے گا،حکومت کو کلبھوشن کے معاملے پر پیچھے ہٹنے کے بجائے آگے بڑھنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہم منتظر ہیں کہ پاناما کیس پر عدالتیں کب فیصلہ دیں گی ‘ کرپشن کے خاتمے کے لئے اگر پانچ چھ ہزار افراد جیل بھی چلے جائیں تو یہ خسارے کا سودا نہیں، کرپشن میں کچھ بڑوں کو سزا ہوئی تو نظام ٹریک پر چلے گا۔