• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الطاف حسین پر میڈیا پابندی کیخلاف ایم کیوایم کے ارکان سندھ اسمبلی کا مظاہرہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم ) کے ارکان نے اپنے قائد الطاف حسین پر میڈیا میں پابندی کے خلاف جمعہ کو سندھ اسمبلی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد اسمبلی کی سیڑھیوں پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ وہ نامنظور، نامنظور ، پابندی نامنظور کے نعرے لگا رہے تھے۔ انہوں نے الطاف حسین کی تصاویر اور پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔ پلے کارڈز پر الطاف حسین کی میڈیا پر پابندی ختم کرنے کیلئے نعرے تحریر تھے ۔ دریں اثناء رابطہ کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ایم کیو ایم کل اتوار کو اس سلسلے میں مزار قائد پر بھی مظاہرہ کریگی۔قبل ازیں سندھ اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین نے یہ مسئلہ اٹھایا اور کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے مظلوم طبقات اور قوموں کے حق میں اور دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ آواز اٹھائی ہے ۔ انکی آواز کو دبانے کیلئے پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا پر الطاف حسین کی تقاریر اور بیانات کی نشرواشاعت پر پابندی لگا دی گئی ہے ۔ اس سے پاکستان کو نقصان ہو رہا ہے کیونکہ وہ دہشت گردی کے خلاف ایک موثر آواز ہیں ۔ یہ پابندی آئین ، قانون اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ ایم کیو ایم ایک قرار داد سندھ اسمبلی میں پیش کرنا چاہتی ہے ، جسکے ذریعہ سندھ اسمبلی وفاقی حکومت سے یہ پابندی ختم کرانے کا مطالبہ کرے۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ یہ وفاقی حکومت کا معاملہ ہے۔ اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ الطاف حسین پر میڈیا میں پابندی عائد کرکے انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ دریں اثناء ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بھی اس سلسلے میں کل احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ مظاہرے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کے قائم مقام کنوینر ندیم نصرت کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ فیصلے کے تحت اتوار 24جنوری کوسہ پہر 3بجے کراچی میں مزارقائداعظم کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیاجائے گا۔ رابطہ کمیٹی نے کارکنان و عوام اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادسے اپیل کی کہ وہ اس مظاہرے میں بھرپور تعدادمیں شرکت کریں۔
تازہ ترین