کابل،واشنگٹن (ایجنسیاں)افغانستان کے صدارتی ترجمان نے کہاہے کہ باچاخان یونیورسٹی چارسدہ پر حملے میں ہماری سرزمین استعمال نہیں ہوئی ،افغانستان کسی دہشتگرد گروپ کی حمایت کرتا ہے نہ ہی کسی دہشت گرد گروپ کوپناہ دی ہے‘افغان ـصدارتی ترجمان کی جانب سے جاری مختصربیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان اچھے اور برے دہشتگردوں پر یقین نہیں رکھتا۔ دریں اثناء افغان صدراشرف غنی نے امریکی ٹی وی کو انٹرویومیں اپنی سرزمین پر دہشت گردوں کی موجودگی کا اعتراف کرلیا ‘ اشرف غنی کا کہناتھاکہ کابل سب کی لڑائی لڑرہا ہے۔ دہشت گردی کے لیے افغان سرزمین کو استعمال کیا جارہا ہے ‘ افغانستان میں دہشت گرد چین، ازبکستان، تاجکستان اور پاکستان سے آتے ہیں ‘ان کا افغان عوام سے کوئی جھگڑا نہیں، افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے‘دہشت گرد کامیابی کے ساتھ اپنا وجود برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ داعش کی افغانستان میں سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے پینٹا گون کو اختیار دے دیا گیا ہے‘ اوباما نے اس اختیار کی منظوری دے دی ہےجس کے تحت امریکی فوجی داعش کے خلاف افغانستان میں آپریشن کرسکیں گے ۔