• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسسکا شیوان نے آٹھویں بار بوگوٹا ٹینس ٹائٹل حاصل کرلیا

کراچی (اسپورٹس ڈیسک ) اطالوی خاتون ٹینس پلیئر فرانسسکا شیوان نے کیریئر کا آخری سیزن یادگار بنالیا۔ 36 سالہ شیوان نے حیران کن کارکردگی پیش کرتے ہوئے بوگوٹا ٹینس چیمپئن شپ جیت لی۔ انہوں نے فائنل میں نمبر چار سیڈ لارا ایرنبارینا کو اسٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 5-7 سے مات دی۔ انہوں نے نہ صرف آٹھویں بار بوگوٹا ٹرافی حاصل کی بلکہ ڈبیلو ٹی اے کیریئر کی 600 انفرادی فتح بھی اپنے نام درج کرائی۔ وہ جاری سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکی ہیں، انہوں نے 2017 میں بوگوٹا ایونٹ سے قبل کسی بھی ٹورنامنٹ کے مین رائونڈ میں ایک بھی جیت حاصل نہیں کی تھی۔ میچ کے بعد انہوں نے کہا کہ میں بہت جذباتی ہورہی ہوں، میں 2010 میں اپنی فرنچ اوپن گرینڈ سلم کی کامیابی کو یاد کررہی ہوں۔ آج گوکہ میں نے بہترین کارکردگی پیش نہیں کی لیکن کامیابی ہمیشہ تمام خامیوں کو چھپالیتی ہے۔ دریں اثنا ہیوسٹن میں جاری یو ایس کلے کورٹ چیمپئن شپ کے فائنلسٹ پلیئرز کا فیصلہ ہوگیا۔ سنگلز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں برازیل کے تھوماز بیلوسی نے امریکا کے ارنیسٹو سکوبیڈو کو سخت مقابلے کے بعد 5-7 ، 6-4 اور 6-2 سے ہرایا۔ دوسری جانب امریکا کے اسٹیو جونسن نے ہم وطن جیک سوک کی امیدوں کو خاک میں ملاتے ہوئے سیمی فائنل دلچسپ مقابلے کے بعد 4-6 ، 6-4 اور 6-3 سے جیت کر فائنل کےلئے کوالیفائی کیا۔ علاوہ ازیں مراکش میں کاسابلانکا ٹینس چیمپئن شپ کے سنگلز مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں تھرڈ سیڈڈ جرمنی کے فلپ کولشرائبر نے فرانس کے بینوئٹ پیری کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-2 سے جبکہ کروشیا کے برنا کورچ نے جمہوریہ چیک کے جیری ویسلی کو 6-4 اور 6-4 سے ہرا کر فائنل میں جگہ حاصل کی۔
تازہ ترین