بہاولپور(ڈسٹرکٹ رپورٹر) ایسٹر ڈے ،ضلع بھر کے 29چرچوں تقاریب کا انعقاد کیا گیا ،مسیح برادری کے ایسٹر کے تہوار پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے لئے جامع پلان ترتیب دیا گیا۔ جس میں لگائی گئی ڈیوٹیوں کے آفیسران اور اہلکاران کو جملہ ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی، تمام آفیسران اور اہلکاران نے محنت اور جان فشانی سے فرائض سرانجام دیئے جس سے پرامن تہوار کے قیام کو یقینی بنایا گیا۔ ڈ ی پی او نے مختلف چرچ ہائے کا دورہ کیا وہاں پر موجود آفیسران اور اہلکاران کو ہدایات جاری کیں۔ سینٹ ڈومینک چرچ ماڈل ٹاؤن اے بہاول پور کی سکیورٹی ڈیوٹی چیکنگ کے موقع پر چرچ کے فادر نے پولیس کی طرف سے سکیورٹی انتظامات کو سراہا اور تعریف کی۔بعد ازاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے اسلامی کالونی کے تمام چرچز کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات چیک کئے اور ایس ایچ او کو ہدایات دیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکی ہدایات کی روشنی میں ضلع بھر کے 29چرچ ہائے پر تقاریب کی گئیں جن پر متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز نے ذمہ داری سے فرائض منصبی سرانجام دیئے ،انہوں نے کہا کہ ایسٹر کے تہوار کے پر امن انعقاد کو یقینی بنانے میں پولیس اور معاون اداروں کا کردار لائق تحسین ہے ۔ ضلع بھر کے 29چرچ ہائے پر سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے پولیس کے 400کے قریب آفیسران و اہلکاران مامور کئے گئے۔ چرچ ہائے کے تمام پروگرامز میں داخلی گیٹ پر چیکنگ کا موثر نظام رہا۔ خواتین کی چیکنگ کے لئے لیڈی عملہ تعینات کیا گیا۔ چرچ میں داخل ہونے کے لئے میٹل ڈیٹکٹر اور واک تھرو گیٹ بھی نصب کئے گئے جن کی سپیشل برانچ کے عملہ نے ٹیکنکل سویپنگ کی۔