سکھر(بیورو رپورٹ) سٹیزن ویلفیئر آرگنا ئیز یشن اور سول سوسائٹی سکھر کی جانب سے بجلی کی طویل اورغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف جسم پر بجلی کے تار و بورڈ باندھ کر ٹرانسفارمر پر الٹا لٹک کر گھنٹہ گھر چوک پر انوکھا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت عمران شاہ اوراشفاق بھٹی نے کی۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر مملکت پانی وبجلی عابد شیر علی اور چیف انجنیئر سیپکو سکھر کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پر مقررین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ صوبے کا ایگزیکٹو ہوتا ہے افسوس ہے کہ سندھ میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر وزیراعلیٰ سندھ کی وفاقی حکومت کے خلاف کوئی جارحانہ پالیسی نہیں ہے جو کہ اپنے حقوق کے لئے ہونی چاہیئے۔ وزیر اعلیٰ سندھ اور سندھ سے منتخب ہونے والے اراکین اسمبلی کا اس اہم مسئلے پر خاموش تماشائی اور وفاقی حکومت سے نرم رویہ رکھنا سندہ کی عوام کے ساتھ ذیادتی کے مترادف ہے ۔انہوں نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنے وعدوں پر عملدرآمد کراتے ہوئے بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کانوٹس لیں اور اور دیگر صوبوں کی طرح سندھ میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ ایک جیسا کیا جائے۔